لاہور: وزیر داخلہ محسن نقوی کی منصورہ میں حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات

2026-07-27
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان کے قائمقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ عوامی مسائل کے حل سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی مسلسل کاوشوں کے باعث کشیدگی میں دوبارہ کمی آئی ہے۔ وزیر داخلہ نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر حافظ نعیم الرحمان سے اظہارِ افسوس بھی کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان، جماعت کے قائدین اور کارکنان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
دریائے چناب بپھرنے لگا، پانی کی سطح بلند ہونے قریبی آبادی کو فوری انخلا کی ہدایات جاری
2026-07-28
احمد پور شرقیہ: دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث ہیڈ پنجند کے مقام پر سیلابی صورتحال شدت اختیار کرنے لگی جس پر ضلعی انتظامیہ نے قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ہیڈ پنجند پر دریائے چناب میں پانی کی آمد ایک لاکھ 44 ہزار 809 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 30 ہزار 559 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کے مقابلے میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر دریائے چناب کے کنارے آباد علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب بیٹ احمد، چک کہل، بیٹ بھٹو اور دیگر نشیبی علاقوں کے مکینوں نے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نقل مکانی کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ امدادی ادارے اور ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں مزید اضافے کی صورت میں ریسکیو اور امدادی اقدامات مزید تیز کر دیے جائیں گے۔
دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شامل ایم ایس سی مرجام کراچی پورٹ پہنچ گیا
2026-07-28
کراچی: دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شامل ایم ایس سی مرجام (MSC Mirjam) کراچی پورٹ پہنچ گیا۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق 400 میٹر طویل اور 19 ہزار 500 ٹی ای یوز گنجائش رکھنے والا جہاز کامیابی سے SAPT-2 پر برتھ کر دیا گیا۔جہاز سے کراچی پورٹ پر 1,500 کنٹینرز کی لوڈنگ اور آف لوڈنگ ہوگی، جبکہ جہاز کی اگلی منزل صلالہ، سلطنتِ عمان ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے کنٹینر بردار جہاز کی کامیاب ہینڈلنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی پورٹ عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہے اور بڑے بحری جہازوں کی آمد و رفت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
لاہور: وزیر داخلہ محسن نقوی کی منصورہ میں حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات
2026-07-27
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان کے قائمقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ عوامی مسائل کے حل سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی مسلسل کاوشوں کے باعث کشیدگی میں دوبارہ کمی آئی ہے۔ وزیر داخلہ نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر حافظ نعیم الرحمان سے اظہارِ افسوس بھی کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان، جماعت کے قائدین اور کارکنان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس: ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
2026-07-27
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس میں گرفتار ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے 3 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو مزید سات روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس سے قبل پراسیکیوشن نے ملزم کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ سماعت کے دوران گرفتار ملزم سعد عباسی کو گزشتہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین کیانی نے عدالت کو بتایا کہ قتل میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا گیا ہے، جسے ملزم نے واردات کے بعد چھپا دیا تھا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق اب ملزم سے موبائل فون برآمد کرنا اور مزید تفتیش کرنا باقی ہے، جس کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا، جسے بعد ازاں سناتے ہوئے ملزم کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
پاکستان میں پہلی بار زمینی شوراب میں لیتھیم کی موجودگی کی تصدیق
2026-07-25
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے ایک اہم سائنسی پیش رفت کرتے ہوئے ملک میں پہلی بار زمینی شوراب (فارمیشن واٹر/برائن) میں لیتھیم کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے، جس کی مقدار عالمی سطح پر پائے جانے والے معروف لیتھیم بردار جیوتھرمل شورابوں کے مساوی بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اہم دریافت او جی ڈی سی کے پائلٹ جیوتھرمل پروگرام کے تحت ایک بلند درجہ حرارت کے کنویں سے حاصل ہونے والے فارمیشن واٹر کے جدید جیو کیمیائی تجزیے کے دوران سامنے آئی۔ او جی ڈی سی کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس نوعیت کی یہ پہلی دریافت ہے، جس کے بعد ملک ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو جیوتھرمل شوراب کو لیتھیم کے ممکنہ ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ لیتھیم ایک نہایت اہم معدنیات ہے جو دنیا بھر میں صاف توانائی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ برقی گاڑیوں کی بیٹریوں، توانائی ذخیرہ کرنے کے بڑے نظام اور جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
آپریشن العزم؛ بلوچستان میں فورسز کی کارروائیوں میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 13 ہوگئی
2026-07-25
بلوچستان میں فورسز کی آپریشن العزم کے تحت کارروائیوں میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 13 ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن العزم کے تحت بلوچستان میں دہشت گردی کیخلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں اور اس دوران مستونگ کےعلاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں فتنہ الخوارج کومسلسل تباہی کا سامنا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کے آپریشن العزم میں اب تک ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کی متعدد کمین گاہوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔ کامیاب آپریشن کے دوران اسلحہ، بارود اور آئی ای ڈی تیار کرنے کا مواد بھی برآمدکیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی میں فتنۃ الہندوستان کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔
لاہور میں آج موسم ابرآلود، بارش کا کتنا امکان؟
2026-07-24
لاہور میں آج زیادہ تر موسم ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ مون سون سسٹم کے تحت آج صبح لاہور میں سب سے زیادہ بارش فرخ آباد میں 40 اور گلشن راوی میں 34 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سگیاں پل پر 34 اور سمن آباد میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ گزشتہ دو سے تین روز کے دوران بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی آگئی اور موسم خوش گوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، مون سون کی بارشوں کا یہ سلسلہ 26 جولائی تک جاری رہے گا۔
سپریم کورٹ کو نیب کیسز سننے کا اختیار نہیں، عدالت عظمیٰ کا بڑا فیصلہ
2026-07-24
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے بڑا فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سپریم کورٹ کو نیب کیسز سننے کا اختیار نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ نیب کیسز میں مرکزی اپیلیں اور ضمانت کی درخواستیں وفاقی آئینی عدالت سنے گی ۔ نیب قانون کی شق 32 اور 32 اے کے تحت سپریم کورٹ کو اختیار سماعت ہی نہیں ہے۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ نیب کے کیسز آرٹیکل 175 اے اور ایف کے تحت کے تحت تمام کیسز وفاقی آئینی عدالت کو ٹرانسفر تصور سمجھے جائیں گے۔ واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی ہائیکورٹ کے ضمانت کیس کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواست اعتراضات عائد کرکے واپس کی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس وفاقی آئینی عدالت سنے گی۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں نیب کے ایک زیر سماعت کیس کے دوران اختیار سماعت کا سوال اٹھا تھا۔ نیب قانون میں 5 مارچ 2026 کو ترمیم کی گئی تھی ، جس کے مطابق نیب قانون کی شق 32 اے کے تحت اپیلیں سننے کا اختیار سماعت وفاقی آئینی عدالت کو سونپا گیا تھا ۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس پر سماعتیں کیں۔ اس بینچ میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل تھے۔ کیس میں درخواست گزار کے وکیل عباد الرحمان لودھی نے ضمانت کیس سپریم کورٹ میں چلانے کے حق میں دلائل دیے تھے۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل میں نیب ترمیم کے بعد 18 مارچ 2026 کو سپریم کورٹ میں کیس میں ضمانت دینے کا حوالہ دیا تھا۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے نیب مرکزی اپیلیں اور ضمانت کیسز وفاقی آئینی عدالت میں چلانے کے حق میں دلائل دیے تھے۔ اٹارنی جنرل کا موقف تھا کیس کا ایک حصہ سپریم کورٹ دوسرا حصہ وفاقی آئینی عدالت میں نہیں چلایا جاسکتا ۔ کیس کی سماعت میں نیب وکیل نے بھی وفاقی حکومت کے موقف کی تائید کی تھی، جس کے بعد سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 16 جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے بھی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور رجسٹرار سپریم کورٹ نے ضمانت منسوخی کیخلاف اپیل پر اعتراض عائد کیا تھا۔ اعتراض میں ضمانت کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا کہا گیا تھا۔ 30 صفحات پر مبنی فیصلہ جاری نیب کیسز کے حق اختیار سے متعلق سپریم کورٹ نے اپنی سماعت کے بعد 30 صفحات پر مبنی فیصلہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نیب کی تمام فوجداری اپیلیں /زیر التوا درخواستیں آئینی عدالت منتقل کی جائیں۔ دوران سماعت وکیل کی جانب سے سپریم کورٹ کے ضمانت فیصلہ کا حوالہ بھی دیا۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ اختیار سماعت کا نکتہ اٹھائے بغیر فیصلے کی وجوہات متعلقہ نیب ہی بتا سکتا ہے۔ اعتراض نہ اٹھانے کی کوتاہی کے باوجود قانون ہی اختیار سماعت طے کرتا ہے۔ سپریم کورٹ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں کے خلاف اپیل سن سکتیں ہے۔ نیب کیسز کا اختیار وفاقی آئینی عدالت کے پاس ہے۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق یہ ممکن نہیں کہ ضمانت سپریم کورٹ/مرکزی اپیل آئینی عدالت سنے۔ فورمز کا تضاد رکھا گیا تو قانون کے برخلاف ہوگا۔ کسی درخواست گزار کی ترجیح یا رضا مندی پر قانونی فورم ایجاد نہیں کیا جا سکتا کہ سائل اپنی مرضی سے فورم شاپنگ کرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اینٹی نارکوٹکس فورس کو نئی بھرتیوں سے روک دیا
2026-07-24
اسلام آباد: ہائیکورٹ نے جاری اشتہار کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) میں نئی بھرتیوں پر عملدرآمد سے روک دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ اسامیوں کی بھرتی کے لیے جاری کیے گئے اشتہار پر مرکزی درخواست کے حتمی فیصلے تک عملدرآمد معطل رہے گا۔ جسٹس محمد اعظم خان نے یہ احکامات جاری کرتے ہوئے متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات بھی دور کر دیے۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت درخواست کے میرٹ پر دیے بغیر متفرق درخواست کو منظور کررہی ہے۔ عدالت نے اشتہار پر عملدرآمد روکنے کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے اسے نمٹا دیا، جبکہ مرکزی کیس کی سماعت کے لیے 22 اگست کی تاریخ مقرر کر دی گئی۔ سیاسی خبریں واضح رہے کہ اے این ایف کے کانسٹیبل محمد شفیق خان نے اپنے وکیل محمد علی رضا کے ذریعے اسامیوں کے اشتہار کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔ درخواست میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ قانون اور ڈائریکٹر جنرل اے این ایف کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ گزشتہ 10 سال سے اے این ایف میں ایک ہی عہدے پر خدمات انجام دے رہا ہے، لیکن اسے کوئی ترقی نہیں دی گئی۔ اس نے بتایا کہ محکمہ کے 665 کانسٹیبلز کی سینیارٹی فہرست میں اس کا نمبر 232 ہے، اس کے باوجود محکمانہ ترقی کا حق نظر انداز کیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس بلائے بغیر نئی براہِ راست بھرتیوں کا اشتہار جاری کرنا غیر قانونی ہے۔ مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اے این ایف کے سروس رولز کے تحت پہلے سے موجود ملازمین کی ترقی کا حق ختم کرکے براہِ راست بھرتیوں کا اشتہار دیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ دیگر اداروں سے ڈیپوٹیشن پر آنے والے افسران کی غیر قانونی انٹری روک کر سویلین ملازمین کا سروس اسٹرکچر بحال کیا جائے۔ عدالت اے این ایف کا جاری کردہ حالیہ بھرتیوں کا اشتہار غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کرے اور تمام خالی اسامیوں پر محکمانہ ترقیوں کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی فوری تشکیل دینے کا حکم جاری کرے۔
لاہور؛ بارش میں موٹرسائیکل بے قابو ہوکر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، 2 نوجوان سگے بھائی جاں بحق
2026-07-23
لاہور: سینٹر پارک سے قصور جانے والی سڑک پر گیٹ نمبر 2 کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 2 سگے بھائی جاں بحق ہو گئے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بارش کے دوران موٹر سائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق بھائیوں کی شناخت حمزہ ولد عارف، عمر تقریباً 18 سال اور حسن ولد عارف، عمر تقریباً 16 سال کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں سگے بھائی سٹی لاہور سے قصور جا رہے تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ بارش کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہونے کے نتیجے میں پیش آیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران موٹر سائیکل انتہائی محتاط انداز میں اور مناسب رفتار سے چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں اور پھسلن والی سڑکوں پر غیر ضروری اوور اسپیڈنگ اور خطرناک اوور ٹیکنگ سے گریز کریں۔ لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات میں اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
