نجی طور پر اطمینان

2026-02-20
اسلام آباد: سابق وزیرِاعظم عمران خان کے حالیہ طبی معائنے اور علاج کو دانستہ طور پر سیاسی تنازع بنا دیا گیا، حالانکہ اُن کی جماعت کی نمائندگی کرنے والے ڈاکٹروں، حتیٰ کہ اُن کے ذاتی معالج کی جانب سے بھی مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، شوکت خانم اسپتال سے وابستہ عمران خان کے اپنے ذاتی معالج اس معائنے اور علاج سے اس قدر مطمئن تھے کہ اُن میں سے ایک نے چیک اپ کرنے والے ڈاکٹرز سے کہا کہ ’’آپ نے تو کمال کر دیا۔‘‘ تاہم، اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ایک ذریعے کے مطابق علیمہ خان اس تمام صورتحال پر ناخوش تھیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق، گزشتہ پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم کے دو ڈاکٹرز نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد ڈاکٹر ندیم قریشی کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی چیئرمین کا مفصل طبی معائنہ کیا۔ معائنے کے بعد سینئر اپوزیشن رہنماؤں، جن میں علامہ راجہ ناصر عباس اور بیرسٹر گوہر علی خان شامل تھے، کو پمز میں بریفنگ دی گئی۔ معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں اور شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کے دو معالجین ڈاکٹر خرم مرزا اور ڈاکٹر عاصم یوسف (جنہیں عمران خان اور اہل خانہ کا معتمد سمجھا جاتا ہے) کے درمیان 45 منٹ پر مشتمل اسپیکر فون مشاورت کا اہتمام کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، اس مکمل گفتگو کو متعدد شرکاء نے سنا اور باقاعدہ طور پر اس کی کارروائی مرتب کی گئی، جس کا ریکارڈ دونوں فریقین کے پاس موجود ہے۔ کال کے دوران شوکت خانم کے ڈاکٹروں نے معائنے اور علاج کے طریقہ کار پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، کارروائی میں درج نکات کے تحت لاہور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ڈاکٹروں نے علاج کو ’’حوصلہ افزا اور تسلی بخش‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے ’’درسی کتاب کے مطابق معائنہ اور علاج‘‘ کہا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے معائنہ کرنے والی ٹیم کو سراہا اور کیس کو کامیابی سے دیکھنے پر مبارکباد بھی دی۔ ڈاکٹر عاصم یوسف نے ’’عمران خان کے اہلِ خانہ کی جانب سے‘‘معالجین کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ طبی انتظامات پر تنقید نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے وابستہ ڈاکٹروں نے متعدد سوالات اٹھائے اور مریض کی رضامندی سے انہیں میڈیکل سمری، ٹیسٹ رپورٹس اور علاج سے متعلق ریکارڈ تک رسائی دی گئی۔ گفتگو میں عمران خان کی صحت کے تمام پہلوؤں پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا، حتیٰ کہ کولیسٹرول کی سطح میں معمولی اضافے کا بھی ذکر کیا گیا۔ سفارشات سے متعلق سوال پر پی ٹی آئی کے نامزد ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر رائے دی کہ فوری مداخلت کی ضرورت نہیں اور اگلے معائنے پر دوبارہ جائزہ لیا جائے۔ پمز کے ایک سینئر معالج ڈاکٹر عارف نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس سے قبل عوامی سطح پر یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان کو کسی ماہر کے ذریعے مناسب علاج فراہم نہیں کیا جا رہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ اسی نوعیت کے انجکشن ایک ہزار سے زائد مریضوں کو لگا چکے ہیں اور اس حوالے سے انہیں بھرپور تجربہ حاصل ہے۔ ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی اور پارلیمنٹ کے تمام ارکان نے نجی محفلوں میں صورتحال کو ’’تسلی بخش‘‘ قرار دیا۔ تاہم، اگلی صبح معاملہ اُس وقت ڈرامائی رخ اختیار کر گیا جب ڈاکٹر عاصم یوسف نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ بعض تفصیلات کی تصدیق کر سکتے ہیں اور نہ تردید، کیونکہ انہوں نے عمران خان کو خود نہیں دیکھا، جس سے طبی جائزے کے بارے میں ابہام پیدا ہوا۔ مشاورت کے دوران اطمینان کے اظہار کی اطلاعات کے باوجود، پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج اور دھرنوں کی منصوبہ بندی جاری رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ اپوزیشن کے متعدد سینئر رہنما، جن میں محمود خان اچکزئی بھی شامل ہیں، ڈاکٹروں کے جائزے سے آگاہ تھے۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ سابق وزیرِ اعظم کی بہن علیمہ خان نے معاملات کو نرم کرنے میں مثبت کردار ادا نہیں کیا بلکہ ڈاکٹروں اور اپوزیشن قیادت سے سخت مؤقف برقرار رکھنے پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق، جب بعض رہنماؤں نے طبی نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا تو یہ بات بھی انہیں ناگوار گزری۔ ایک احتجاجی دھرنے کے دوران کشیدگی اُس وقت نمایاں ہوئی جب مبینہ طور پر علیمہ خان اور اُن کی بہنوں نے اپوزیشن رہنماؤں کے روایتی استقبال سے گریز کیا، جس کی وجہ یہی معاملہ بتایا گیا۔ اگرچہ مبینہ طور پر مرتب شدہ کارروائی میں طبی اطمینان درج ہے، تاہم بعض پارٹی ارکان یا اہلِ خانہ کے متضاد عوامی بیانات نے غیر یقینی اور بداعتمادی کو ہوا دی ہے۔
کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کوئلے
2026-07-31
کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد پھنسنے والے افراد میں سے 11 کی لاشیں نکال لی ہیں۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلہ کان میں دھماکے کے باعث متعدد کان کن پھنس گئے تھے جن کی تلاش جاری ہے اور کان سے اب تک 11 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں انتہائی دشوار حالات کے باوجود آپریشن مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں، متاثرہ کان میں پھنسے دیگر مزدوروں تک رسائی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں۔ شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ افسوسناک واقعہ میں جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کوفی کس5 لاکھ روپے اورزخمیوں کو فی کس 3 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا جبکہ حادثے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔ اس سے قبل گفتگو کتے ہوئے کوئلہ کان مالک نے بتایا تھا کوئلہ کان میں میتھین گیس کے باعث دھماکا ہوا، کان میں دھماکے کے وقت42 مزدور تھے اور کان میں پھنسے تمام مزدوروں کا تعلق خیبرپختونخواکے علاقے شانگلہ سے ہے۔
ہم جس سسٹم میں رہ رہے ہیں
2026-07-31
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملکی ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ ہم جس سسٹم میں رہ رہے ہیں وہ تباہ ہوچکا ہے، نئے انتظامی یونٹ یا صوبے ہی اس مسئلےکا حل ہیں۔ اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی اکنامک سمٹ کی تقریب سے خطاب میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میں کوشش کرتا ہوں کے سیاسی تقریر نہ کروں، آج تھوڑی سی سیاسی تقریر کرنا پڑے گی، جس نظام میں ہم رہ رہے ہیں یہ گرچکا ہے، اس میں مسائل حل نہیں ہوسکتے، یہ نظام چلتا رہا تو دس سال بعد بھی ہم بیٹھ کر ان مسائل پر بات کر رہے ہوں گے، جب تک ملک کی بنیادی چیزوں کو ٹھیک نہیں کریں گے مسائل رہیں گے، سوال یہ ہےکہ ان چیزوں کو کون ٹھیک کرے گا؟ جس دن آپ لوگوں نے ٹھیک کرنےکا فیصلہ کرلیا تو یہ نظام ٹھیک ہوجائے گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹو یونٹس کہیں، یا صوبے جو بھی نام دیں، ہمیں ان کی طرف جانا ہوگا، جب تک سب ساتھ نہیں بیٹھیں گے ملک ایسے ہی چلتا رہےگا، نئے انتظامی یونٹ یا صوبوں کا معاملہ عوام کے پاس لے جانا ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنا حق مانگ رہے ہیں ، میرٹ پر ملازمت چاہتے ہیں، آپ نوجوان کہیں یا کاکروچ اگر یہ اکٹھے ہوگئے توہر چیز کو الٹ سکتے ہیں، کونسا گھر ہے جو مہینہ شروع ہونے پر لاکھوں روپےکا مقروض ہو اور چلایا جائے، ہم اپنا بجٹ نیگیٹو میں بناتے ہیں کہ اس سال کتنا قرضہ دینا ہے، ہم قرض اور لیتے رہیں گے، اس کو ٹھیک نہیں کریں گے، آپ کا ہر سال قرضہ بڑھتا جارہا ہے، جب تک اس سسٹم کو ری سیٹ نہیں کریں گے بہتری نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 12-14 گھنٹے کام کرتے ہیں، وزیراعظم 18 گھنٹے بھی کام کرلیں، وہ صرف فائر فائٹنگ کر رہے ہیں۔
پاک بحریہ کا کامیاب ریسکیو آپریشن، ماہی گیروں کی کشتی کوبچا لیا، وزیراعظم کا خراجِ تحسین
2026-07-30
پاک بحریہ کے جہازپی این ایس تیمور نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ماہی گیروں کی کشتی کوبچا لیا جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی بحیرۂ عرب میں پھنسے ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اپنے ایک جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور نے کامیاب آپریشن کے دوران سمندر میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بحفاظت بچایا۔ وزیراعظم نے کشتی پر سوار عملے کے تمام 19 افراد، جن میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے، کو بحفاظت بچانے پر آپریشن میں شریک پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پزیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے جوانوں نے کشتی کے عملے کو سمندر میں خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد فراہم کی، جو ہماری افواج کی انسانی ہمدردی اور پیشہ ورانہ تربیت کا عملی ثبوت ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے عزم اور ہمہ وقت تیاری کا مظہر ہے۔ پاک بحریہ کےجہازپی این ایس تیمور نے شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن کیا اور سمندرمیں پھنسے 19ماہی گیروں کوبحفاظت ریسکیو کیا۔ ماہی گیروں کی کشتی گوادر سے تقریباً 120ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کےباعث پھنس گئی تھی، کشتی میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہریوں سمیت 19 افرادسوار تھے۔ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر نے سرچ اینڈریسکیوآپریشن کے لیے پاک بحریہ سے رابطہ کیا تھا، پاک بحریہ کے جوانوں نے کشتی کے عملےکو سمندر میں خوراک، پینےکاپانی اور طبی امداد فراہم کی۔ مزید براں سمندر میں انجن کی خرابی کےباعث پھنسی ہوئی کشتی کوپاک بحریہ نے بحفاظت ساحل تک منتقل کیا۔
منشیات ڈیلر انمول پنکی کے خلاف قتل کا مقدمہ تبدیل، وجہ سامنے آگئی
2026-07-30
کراچی: منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف قتل کا مقدمہ تبدیل کیے جانے کی وجہ سامنے آ گئی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف قائم مقدمہ قتل تبدیل کردیا ہے۔پولیس نے مقدمہ قتل کو قتل بالسبب میں تبدیل کیا ہے۔ اس حوالے سے تفتیشی افسر نے ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے مقدمے کا حتمی چالان عدالت میں جمع کرادیا ہے۔ چالان کی اسکروٹنی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر اسد اللہ میتلو اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عارف سیتائی نے کی ہے۔ چالان کے مطابق مقدمے سے قتل کی دفعہ کراچی یونیورسٹی کی کیمیکل رپورٹ کی روشی ختم کی گئی ہے۔ کیمیکل رپورٹ سے ثابت ہوتا ہےکہ مرنے والے کی موت نشےکی وجہ سے ہوئی۔ چالان میں بتایا گیا ہے کہ مرنے والا شخص کون تھا شناخت نہیں ہوسکی۔ مرنے والے کا ڈی این اے بھی نہیں ہوسکتا۔ واضح رہے کہ قتل کیس میں زیادہ سے زیادہ سزائے موت جبکہ کم سے کم سزا عمر قید ہوتی جب کہ زیر دفعہ 322 قتل بالسبب میں ملزمہ کو دیت ادا کرنے کا کہا جائے گا۔ یاد رہے کہ منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف بغدادی پولیس نے مقدمہ قتل درج کیا تھا۔ قتل کی یہ ایف آئی آر لاش ملنے کے ایک ماہ بعد درج کی گئی تھی اور مدعی مقدمہ عدالت کے روبرو زیر دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کروا چکا ہے۔
بی ایل اے سے مبینہ تعلق رکھنے والے بینک ملازم کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد
2026-07-29
سپریم کورٹ نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے مبینہ تعلق رکھنے والے ملزم بلال کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کر دی۔ جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے مزید دستاویزات جمع کرانے کے لیے التوا کی درخواست کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کیس میں مزید دستاویزات جمع کرانی ہیں۔ سماعت کے دوران جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ آپ نے ملزم کا بی ایل اے سے رابطہ کیسے جوڑ دیا؟ ملزم ایک بینک کا ملازم تھا، گاڑی کی رقم منتقل کرنا بینک ملازم کا جرم کیسے بن گیا؟ بینک مینیجر نے تو صرف رقم منتقل کی، بینک افسر کو کیا معلوم کہ گاڑی کسی دھماکے میں استعمال ہوگی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خودکش بمبار سے ملزم کے تعلق سے متعلق دستاویزات پیش کرنی ہیں۔ اس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ بتائیں بلال کا بی ایل اے سے کیا تعلق ہے؟ ملزم کے خلاف سی ٹی ڈی کراچی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
رکھنی اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.0 ریکارڈ
2026-07-29
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے رکھنی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.0 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز رکھنی سے 5 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔ زلزلے کی گہرائی 37 کلو میٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دریائے چناب بپھرنے لگا، پانی کی سطح بلند ہونے قریبی آبادی کو فوری انخلا کی ہدایات جاری
2026-07-28
احمد پور شرقیہ: دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث ہیڈ پنجند کے مقام پر سیلابی صورتحال شدت اختیار کرنے لگی جس پر ضلعی انتظامیہ نے قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ہیڈ پنجند پر دریائے چناب میں پانی کی آمد ایک لاکھ 44 ہزار 809 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 30 ہزار 559 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کے مقابلے میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر دریائے چناب کے کنارے آباد علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب بیٹ احمد، چک کہل، بیٹ بھٹو اور دیگر نشیبی علاقوں کے مکینوں نے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نقل مکانی کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ امدادی ادارے اور ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں مزید اضافے کی صورت میں ریسکیو اور امدادی اقدامات مزید تیز کر دیے جائیں گے۔
دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شامل ایم ایس سی مرجام کراچی پورٹ پہنچ گیا
2026-07-28
کراچی: دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شامل ایم ایس سی مرجام (MSC Mirjam) کراچی پورٹ پہنچ گیا۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق 400 میٹر طویل اور 19 ہزار 500 ٹی ای یوز گنجائش رکھنے والا جہاز کامیابی سے SAPT-2 پر برتھ کر دیا گیا۔جہاز سے کراچی پورٹ پر 1,500 کنٹینرز کی لوڈنگ اور آف لوڈنگ ہوگی، جبکہ جہاز کی اگلی منزل صلالہ، سلطنتِ عمان ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے کنٹینر بردار جہاز کی کامیاب ہینڈلنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی پورٹ عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہے اور بڑے بحری جہازوں کی آمد و رفت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
لاہور: وزیر داخلہ محسن نقوی کی منصورہ میں حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات
2026-07-27
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان کے قائمقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ عوامی مسائل کے حل سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی مسلسل کاوشوں کے باعث کشیدگی میں دوبارہ کمی آئی ہے۔ وزیر داخلہ نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر حافظ نعیم الرحمان سے اظہارِ افسوس بھی کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان، جماعت کے قائدین اور کارکنان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس: ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
2026-07-27
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس میں گرفتار ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے 3 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو مزید سات روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس سے قبل پراسیکیوشن نے ملزم کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ سماعت کے دوران گرفتار ملزم سعد عباسی کو گزشتہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین کیانی نے عدالت کو بتایا کہ قتل میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا گیا ہے، جسے ملزم نے واردات کے بعد چھپا دیا تھا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق اب ملزم سے موبائل فون برآمد کرنا اور مزید تفتیش کرنا باقی ہے، جس کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا، جسے بعد ازاں سناتے ہوئے ملزم کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
