ٹرمپ کا یو ٹرن: یورپ پر ٹیرف

2026-01-22
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گرین لینڈ کے معاملے پر یورپ پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی سے پیچھے ہٹ گئے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ ایک انتہائی مثبت ملاقات ہوئی ہے، جس کے بعد گرین لینڈ کے حوالے سے مستقبل کے ایک ممکنہ معاہدے کا فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ امریکا اور تمام نیٹو ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ ٹرمپ کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور دیگر حکام مذاکرات کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت کے پیش نظر یورپ پر یکم فروری سے نافذ کیے جانے والے ٹیرف عائد نہیں کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر نے چند روز پر قبل دھمکی دی تھی کہ جو یورپی ممالک گرین لینڈ پر قبضے کی مخالفت کریں گے تو ان پر یکم فروری سے ٹیرف عائدہوگا جس کے بعد یورپی ممالک نے امریکی صدر کی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکیوں کو مسترد کر دیا تھا۔
بنگلا دیش میں عام
2026-02-12
بنگلا دیش میں آج عام انتخابات ہو رہے ہیں۔ پاکستانی وقت کے مطابق پولنگ آج صبح ساڑھے 6 بجے شروع ہوئی، پاکستانی وقت کے مطابق پولنگ ساڑھے3بجے تک جاری رہے گی۔ بنگلا دیش الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 300 پارلیمانی حلقوں کے لیے 64 اضلاع میں ووٹ ڈالیں جائیں گے، 64 اضلاع میں 42,761 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بنگلا دیش میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، ڈاک کے ذریعے ووٹنگ سے تقریباً ڈیڑھ کروڑ بیرونِ ملک مقیم افراد کو فائدہ ہوا۔ ترکیہ، نئے وزیر انصاف کی تقرری پر پارلیمنٹ میں شدید جھگڑا، ارکان گتھم گتھا ملک کے 300 پارلیمانی حلقوں میں سے 299 میں بیک وقت ووٹنگ ہو گی، انتخابات میں 2000 امیدوار 350 نشستوں کے لیے مد مقابل ہوں گے، جماعتِ اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتوں کا اتحاد میدان میں ہے۔ طارق رحمان بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی جانب سے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہیں جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے شفیق الرحمان وزارتِ عظمیٰ کے مضبوط امیدوار ہیں۔ جماعتِ اسلامی کے سربراہ شفیق الرحمان نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے اور بی این پی کے سربراہ طارق رحمان نےبھی ووٹ کاسٹ کردیا ہے۔ اس موقع پر شفیق الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی الیکشن نتائج قبول کرے گی، چاہے نتیجہ کچھ بھی ہو، دوسری سیاسی جماعتوں کو بھی الیکشن کے نتائج کو قبول کرنا ہوگا۔
بنگلا دیش انتخابات
2026-02-12
بنگلا دیش انتخابات کے دوران گوالگانج میں رشما انٹرنیشنل اسکول کے پولنگ اسٹیشن پر بم پھینکے جانے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ بنگلا دیشی پولیس کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ پرسکون طور پر جاری تھی جب اسکول کے باہر ملزمان نے بم پھینکا، اس حملے میں دو بنگلہ دیشی پیرا ملٹری اہلکار اور 14 سالہ لڑکی زخمی ہوئی۔ دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق انتخابات کے دوران بی این پی کے رہنما محب الزمان پولنگ اسٹیشن کے باہر گر کر انتقال کر گئے۔ بی این پی نے الزام عائد کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے ایک رہنما کی جانب سے مبینہ دھکا دیے جانے کے باعث ہمارے رہنما محب الزمان کی موت واقع ہوئی جبکہ جماعت اسلامی نے اس کی تردید کی ہے۔ بنگلا دیش میں عام انتخابات، بنگلا دیش کا اگلا وزیراعظم کون؟ دو امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ہمارے حامیوں پر الگ الگ واقعات میں حملے کیے گئے، ہمارے نمائندوں پر حملہ کیا گیا، انہیں دستاویزات تیار کرتے ہوئے کام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیشی آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف کے بغیر اپنے گھر چھوڑیں اور پولنگ اسٹیشن جائیں اور ووٹ ڈالیں۔
سعودی عرب میں بارانِ
2026-02-12
خادم الحرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبد العزیز نے بارانِ رحمت کے لیے جمعرات کو مملکت میں نماز استسقاء ادا کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ دیوان شاہی سے جاری ہونے والے بیان شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے مغفرت، اعمال صالح اور بارش کے لیے دعا کریں۔ بیان کے مطابق یہ اقدام سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی میں کیا جارہا ہے۔ آپ ﷺ بھی قحط اور بارش میں تاخیر کی صورت میں نمازِ استسقاء ادا کرتے تھے۔
300 کلومیٹر فی گھنٹہ
2026-02-12
ریاض: سعودی کابینہ نے قطر کے ساتھ الیکٹرک ہائی اسپیڈ ریلوے منصوبے کی منظوری دے دی۔ سعودی کابینہ نے منگل کو سعودی عرب اور قطر کی حکومتوں کے درمیان الیکٹرک ہائی اسپیڈ ریلوے لنک کے معاہدے کی منظوری دی۔ ریاض میں ہونے والے اجلاس کی صدارت خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ 785 کلومیٹر طویل یہ الیکٹرک ہائی اسپیڈ ریلوے لائن ریاض اور دوحہ کو آپس میں ملائے گی، جس میں ٹرین کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہوگی۔ یہ منصوبہ دمام اور الاحساء جیسے اہم اسٹیشنز کو آپس میں جوڑے گا اور سفر کا دورانیہ تقریباً 2 گھنٹے تک محدود ہو جائے گا۔ اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان حالیہ ٹیلیفونک گفتگو سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ولی عہد کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور جرمنی کے چانسلر فریڈرک میرز سے مملکت کے سرکاری دوروں کے دوران ہونے والی ملاقاتوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے ان دوروں کے مثبت نتائج کو سراہا، جن سے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور انہیں ہر سطح پر مزید فروغ دینے کے باہمی عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
افغان حکام ٹی ٹی پی
2026-02-12
افغان حکام کی جانب سے مختلف دہشت گرد گروہوں بالخصوص کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لیے سازگار ماحول فراہم کیے جانے کی تصدیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ٹیم نے بھی کردی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تجزیاتی معاونت اور پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ٹیم کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق افغان حکام مختلف دہشت گرد گروہوں بالخصوص تحریک طالبان پاکستان کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں ، جس کے نتیجے میں پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ بعض رکن ممالک کے مطابق بی ایل اے نے ٹی ٹی پی اور داعش خراسان کے ساتھ تربیتی کیمپوں اور وسائل کے تبادلے میں تعاون کیا ہے۔
ترکیہ میں وزیرِ انصاف
2026-02-12
ترکیہ میں آکن گرلگ کی بطور وزیرانصاف تقرری کے بعد پارلیمنٹ میں شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔ اپوزیشن جماعتوں نے آکن گرلگ کی تقرری پر سخت اعتراض اٹھاتے ہوئے ایوان میں احتجاج کیا اور بعض ارکان دست و گریباں ہوگئے، ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی۔ اپوزیشن اراکین نے آکن گرلگ کو حلف اٹھانے سے روکنے کی کوشش کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کی تقرری متنازع ہے۔ یاد رہے کہ آکن گرلگ اس سے قبل بطور چیف پراسیکیوٹر اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن کی قیادت کر چکے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی نامزدگی پر سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی ارکان نے صدر اردوان کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آکن گرلگ قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے ہیں، تاہم اپوزیشن نے اس تقرری کو جمہوری اقدار کے خلاف قرار دیا۔
لندن: افغان سیاسی
2026-02-11
لندن میں افغان سیاسی پناہ گزین احمد ملا خیل کو نیویٹن میں 12 سالہ لڑکی کے اغوا و زیادتی کا مجرم قرار دے دیاگیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وارک کراؤن کورٹ میں ملا خیل پر زیادتی، اغوا اور نازیبا ویڈیو بنانے کا الزام ثابت ہوگیا۔ ملا خیل آئندہ ماہ سزا سنائے جانے تک قید میں رہے گا۔ جج کرسٹینا مونٹگمری کے سی نے ریمارکس دیے کہ ملا خیل کو سزا کے اختتام پر ملک بدر کردیا جائے گا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق کیس میں ملوث افراد کی قومیت اور امیگریشن کی حیثیت بھی ظاہر کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ واقعہ گزشتہ برس 22 جولائی کو پیش آیا تھا جس کے بعد نیویٹن میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔
ایران پر دباؤ بڑھانے
2026-02-11
امریکی حکام نے ایرانی تیل بردار جہازوں کو قبضے میں لینے پر غور شروع کردیا۔ امریکی عہدیدار کے مطابق ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے تیل بردار جہازوں کو قبضے میں لینے پر بات ہوئی ہے تاہم امریکی حکام کو قبضے کی صورت میں ایران کی جوابی کارروائی اور عالمی تیل کی منڈیوں پر منفی اثرات کا خدشہ ہے۔ امریکی عہدیداروں کے مطابق وائٹ ہاؤس نے اس حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا جو پہلے وینزویلا کے خلاف استعمال کی گئی تھی مگر اس کے نتیجے میں تہران کی جانب سے شدید ردعمل اور عالمی تیل منڈی میں عدم استحکام کا خدشہ ہے۔ یاد رہےکہ امریکا نے گزشتہ دو ماہ کے دوران وینزویلا کو تیل فراہم کرنے والے کئی جہازوں کے خلاف کارروائیاں کیں ، اس دوران ایرانی تیل لے جانے والے جہاز بھی ضبط کیے گئے۔
کینیڈا کے اسکول میں
2026-02-11
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں مبینہ خاتون حملہ آور سمیت 10 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ برٹش کولمبیا میں ٹمبلر رج (Tumbler Ridge) کے ایک ہائی اسکول میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں مبینہ حملہ آور سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس حوالے سے پولیس نے بتایا گیا ہے کہ اسکول سے 6 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ واقعے میں ایک زخمی شخص اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق مزید 2 افراد ایک گھر میں مردہ پائے گئے جن کے بارے میں خیال ہے کہ ان کا تعلق بھی فائرنگ کے واقعے سے ہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں شدید زخمی ہونے والے 2 افراد کو ائیرلفٹ کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جن کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جبکہ زخمی ہونے والے 27 افراد کو طبی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ٹمبلر رج کی حملہ آور ممکنہ طور پر خاتون تھی، مشتبہ حملہ آور نے فائرنگ کرنے کے بعد خودکشی کی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہے۔
کینیڈا کی مغربی کنارے
2026-02-11
کینیڈا نے مغربی کنارے پرقبضےکے اسرائیلی فیصلےکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کینیڈین وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ ایسےاقدامات بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہوں گے، یہ امن کے امکانات کو کمزور اور فلسطینی ریاست کے قابلِ عمل ہونےکو نقصان پہنچاتے ہیں۔ کینیڈین وزارت خارجہ نے اسرائیل سے مغربی کنارے پر قبضے کا فیصلہ فوری طورپر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست آبادکاریوں میں توسیع بند کرے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے امریکا اور برطانیہ بھی اسر ائیلی فیصلے کی مخالفت کر چکے ہیں۔ ادھر پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل کو خطرناک اقدامات روکنے کا مطالبہ کردیا۔ مسلم ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حقِ خودمختاری نہیں اور یہ اقدامات مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق اور فلسطینی عوام کی بے دخلی کی کوششوں کو تیز کر رہے ہیں۔
