بورڈ ڈائریکٹر نظم السلام کے متنازع

2026-01-15
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ڈائریکٹر نظم السلام کے قابل اعتراض بیانات پر ڈسپلنری کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ بی سی بی کے مطابق بورڈ ممبر کے حالیہ قابل اعتراض بیانات کی مذمت کو دہراتے ہیں، اس حوالے سے شوکاز نوٹس جاری کرکے 48 گھنٹوں کے اندر جواب طلب کرلیا گیا ہے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ معاملےکی تہہ تک پہنچنے کے لیے کارروائی کا تمام عمل مکمل کیا جائے گا، معاملے کو ضابطے کے مطابق نمٹایا جائے گا اور کارروائی کے نتائج کی بنیاد پر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔ بی سی بی نے کہا بورڈ کو امید ہے کہ کرکٹرز پروفیشنل ازم کا مظاہرہ کریں گے اور بی پی ایل کی کامیاب تکمیل کے لیے کھلاڑی تعاون کریں گے۔ بی سی بی کے مطابق بنگلا دیش پریمیئر لیگ فائنل مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور یہ لیگ بنگلا دیش کرکٹ اور ملکی اور غیرملکی فینز کے لیے ایک خاص حصہ رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ بنگلا دیش کے کرکٹرز نے بورڈ ڈائریکٹر نظم الاسلام کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔
پاکستان انڈر 21 ہاکی ٹیم کا اپنے غیر ملکی دورے کا شاندار آغاز
2026-07-30
پاکستان کی انڈر 21 ہاکی ٹیم نے اپنے غیر ملکی دورے کا شاندار آغاز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان انڈر 21 ٹیم نے عمان کی سینئر قومی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی۔ میچ میں عبداللہ نے پینلٹی اسٹروک پر گول اسکور کر کے پاکستان کو برتری دلائی جبکہ رانا سمیع نے بہترین فیلڈ گول کر کے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ مقابلہ انتہائی سخت اور نامساعد موسمی حالات میں کھیلا گیا۔ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ شدید حبس کے باعث اس کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق یہ میچ اصل شیڈول کے تحت رات کو کھیلا جانا تھا تاہم اچانک آنے والے سمندری بگولے (ٹارنیڈو) کے باعث مرکزی گراؤنڈ کو شدید نقصان پہنچا جس کے بعد انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر میچ کا وقت تبدیل کر کے اسے دوپہر 4:30 بجے متبادل پچ پر منتقل کردیا۔ دونوں ٹیموں کو تیز دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود میدان میں اترنا پڑا۔ نامساعد حالات کے باوجود پاکستان کے کھلاڑیوں نے بہترین فٹنس، ڈسپلن اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ سینئر بین الاقوامی ٹیم کے خلاف یہ فتح نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے اور آنے والے مقابلوں کی تیاریوں کے حوالے سے انتہائی اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔
دوسری اننگز میں مسلسل ناکامیاں، قومی ٹیسٹ ٹیم کا مستقبل خطرے میں
2026-07-30
ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست نے ایک بار پھر دوسری اننگز میں بیٹنگ کی سنگین خامیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ پہلی اننگز میں 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے والے امام الحق دوسری اننگز میں صرف چند گیندیں ہی کھیل سکے اور کیمار روچ کی شارٹ آف لینتھ گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ گنوا بیٹھے۔ ان کی وکٹ نے اس سوال کو دوبارہ زندہ کر دیا کہ پاکستانی بیٹرز دباؤ میں اپنی حکمت عملی برقرار رکھنے میں کیوں ناکام رہتے ہیں۔ اعداد و شمار بھی اس مسئلے کی تصدیق کرتے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں میں امام الحق کی پہلی اننگز میں اوسط 54.50 رہی لیکن دوسری اننگز میں یہ صرف 3.50 تک گر گئی۔ اسی طرح محمد رضوان اور سعود شکیل کی اوسط میں بھی دوسری اننگز کے دوران نمایاں کمی دیکھی گئی جو پوری بیٹنگ لائن کی ذہنی اور تکنیکی مشکلات کی عکاسی کرتی ہے۔ ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ دوسری اننگز میں بیٹنگ ٹیم کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق بیٹرز سے مسلسل بات چیت کی جا رہی ہے مگر ٹیم دباؤ میں اچانک بکھر جاتی ہے جس کا خمیازہ پورے میچ میں بھگتنا پڑتا ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلنے والی تمام ٹیموں میں پاکستان کی دوسری اننگز کی بیٹنگ اوسط صرف 19.90 رہی جو سب سے کم ہے۔ اسی عرصے میں پاکستان نے 14 میں سے 10 ٹیسٹ میچ ہارے جن میں بیرون ملک مسلسل آٹھ شکستیں بھی شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق جب تک بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں مستقل مزاجی کا مظاہرہ نہیں کرتی پاکستان کے لیے غیر ملکی میدانوں میں کامیابی حاصل کرنا انتہائی مشکل رہے گا۔ f
پاکستان کی عالمی جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی
2026-07-29
پاکستان نے عالمی جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں میزبان کینیڈا کو 0-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کینیڈا کے شہر نیاگرا ان دی لیک میں جاری عالمی جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں سیڈ 7 پاکستان نے میزبان کینیڈا کو 0-2 سے زیر کرلیا۔ پاکستان کے نعمان خان نے پہلے میچ میں کولٹن میکلافلن کو 0-3 سے مات دی اور دوسرے میچ میں عبداللہ نواز نے سخت مقابلے کے بعدکالڈر مرے کو 2-3 سے شکست دے کر پاکستان کو اگلے مرحلے میں پہنچا دیا۔ ناکام ٹیم نے تیسرے اور غیر رسمی مقابلے کے بجائے شکست تسلیم کرلی۔ کوارٹر فائنل میں پاکستان کو سخت ترین حریف ٹاپ سیڈ و دفاعی چیمپئن مصر کا سامنا درپیش ہوگا۔ گروپ کی سطح پر پاکستان نے پہلے میچ میں نائجیریا اور دوسرے میچ میں سوئٹزرلینڈ کو شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستانی پیسرز نے 31 سال بعد منفرد کارنامہ انجام دے دیا
2026-07-29
پاکستان کے فاسٹ بولرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 31 سال بعد منفرد کارنامہ انجام دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اس میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولرز نے ویسٹ انڈیز کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر تمام 20 وکٹیں اپنے نام کیں جو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لیے تقریباً تین دہائیوں بعد پہلی بار ممکن ہوا۔ اس سے قبل 1995 میں ہرارے میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میں پاکستانی پیسرز نے تمام 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ یہ ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا پہلا ایسا ٹیسٹ میچ تھا جس میں تمام 40 وکٹیں فاسٹ بولرز نے حاصل کیں۔ اس سے قبل 2025 میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے مابین کنگسٹین ٹیسٹ میں فاسٹ بولرز نے 39 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پی سی بی نے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کو دوبارہ چیمپئنز کپ کا نام دے دیا
2026-07-28
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے بڑے ڈومیسٹک ون ڈے ایونٹ کو ایک بار پھر ’چیمپئنز کپ‘ کے نام سے متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں چار ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن مرحلے کے بعد فائنل میں ٹکرائیں گی۔ مجموعی طور پر سات میچز شیڈول ہیں۔اس ایونٹ میں پاکستان گولڈ، پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلیوز کے نام سے چار ٹیمیں حصہ لیں گی جن کی قیادت بالترتیب شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کریں گے۔اسکواڈز میں کئی ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو قومی وائٹ بال ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں تاہم انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں میں مصروف ریڈ بال اسکواڈ اور دی ہنڈریڈ کھیلنے والے اسپنر ابرار احمد اس ایونٹ میں شریک نہیں ہوں گے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کے مطابق اس ٹورنامنٹ کا مقصد 2027 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ 50 اوورز کے میچز فراہم کرنا ہے۔ یاد رہے کہ 2024 میں چیمپئنز کپ کو ملکی ڈومیسٹک کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دیا گیا تھا تاہم گزشتہ سال یہ مقابلہ اسی برانڈنگ کے تحت منعقد نہیں کیا گیا تھا۔
رونالڈو کی ہالی ووڈ میں انٹری، فٹبال ڈرامہ سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے
2026-07-28
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے میدان میں بے شمار کامیابیوں کے بعد اب ہالی ووڈ کا رخ کر لیا ہے۔ النصر کے کپتان اپنی پہلی اسکرپٹڈ ٹی وی سیریز ’ڈے ونز‘ کے ذریعے انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں جہاں وہ صرف اداکار ہی نہیں بلکہ ایگزیکٹو پروڈیوسر کی ذمہ داری بھی نبھا رہے ہیں۔ یہ سیریز رونالڈو کی مشترکہ پروڈکشن کمپنی ’یو آر-مارو اسٹوڈیوز‘ تیار کر رہی ہے جسے انہوں نے معروف ہدایت کار میتھیو وان کے ساتھ مل کر قائم کیا تھا۔ میتھیو وان اس سے قبل کئی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔ ڈرامے کی کاسٹ میں سابق فرانسیسی اسٹار تھیری ہنری، اداکار ڈیمین لیوس، برطانوی ریپر ڈیو اور اداکارہ کارلوٹا بنات شامل ہیں۔ کہانی ایک فرضی فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کے گرد گھومتی ہے جو جدید فٹبال کی چمک دمک کے پیچھے چھپی طاقت کی سیاست اور سخت مقابلے کا سامنا کرتا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شو کی شوٹنگ شمال مغربی لندن میں جاری ہے جبکہ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ سیریز اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر نمایاں کامیابی حاصل کر سکتی ہے اور فٹبال کی دنیا کا ایک منفرد اور سنجیدہ رخ ناظرین کے سامنے پیش کرے گی۔
دنیا کے معمر ترین پروفیشنل فٹبالر کا 4 سال بعد گول
2026-07-27
جاپان کے لیجنڈری فٹبالر کازویوشی میورا نے ایک بار پھر عمر کو شکست دیتے ہوئے تقریباً چار سال بعد گول اسکور کر کے نئی تاریخ رقم کردی۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے معمر ترین پروفیشنل فٹبالر، 59 سالہ میورا نے جاپان کے ایمپیرر کپ میں فُوکوشیما یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایواکی فوروکاوا کے خلاف میچ کے 52ویں منٹ میں گول کیا۔ فُوکوشیما یونائیٹڈ نے یہ مقابلہ 0-7 سے اپنے نام کیا۔نومبر 2022 کے بعد میورا کا یہ پہلا گول ہے۔ 2022 میں انہوں نے سوزوکا پی جی (موجودہ اٹلیٹیکو سوزوکا) کی جانب سے ایف سی اوساکا کے خلاف گول کیا تھا۔’کنگ کازو‘ کے نام سے مشہور میورا جاپان کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور 1993 میں جے لیگ کے آغاز کے دوران وہ اس لیگ کی سب سے نمایاں شخصیت تھے۔ 1986 میں برازیل کے کلب سانتوس سے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے میورا اٹلی، کروشیا اور آسٹریلیا میں بھی کلب فٹبال کھیل چکے ہیں۔ ان کا طویل کیریئر اب 42ویں سیزن میں داخل ہونے جا رہا ہے کیونکہ ان کی فُوکوشیما یونائیٹڈ کے ساتھ معاہدے کی مدت جون 2027 تک بڑھا دی گئی ہے۔ جاپان کے لیے 89 میچوں میں 55 گول کرنے والے میورا اس خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں کہ وہ اپنی ساٹھویں سالگرہ کے بعد بھی پیشہ ورانہ فٹبال کھیلتے رہیں گے۔
پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن، ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں پاکستان نے 199 رنز بنا لیے
2026-07-27
ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے محتاط اور پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک اپنی پوزیشن بہتر بنا لی۔ ٹروبا ٹیسٹ کے دوسرے دن ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں بنائے گئے 311 رنز کے جواب میں پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے ہیں،جبکہ شان مسعود 88 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ ان کے ساتھ سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اذان اویس اپنے ٹیسٹ ڈیبیو میں متاثر نہ کر سکے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے دوسرے دن اپنی نامکمل اننگز 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے دوبارہ شروع کی، تاہم پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 117 رنز کے اضافے پر باقی تمام وکٹیں حاصل کر لیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شے ہوپ 92 اور کیوم ہوج 84 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شمار جوزف 23، تیجنارائن چندرپال اور عامر جینگو 21، 21، جسٹن گریوز 15، برینڈن کنگ 12 اور روسٹن چیز 10 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے محمد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 50 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے 3، خرم شہزاد نے 2 جبکہ عامر جمال نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز مضبوط آغاز کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا انفانٹینو کیخلاف شکایت پر تحقیقات سے انکار
2026-07-25
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے خلاف دائر شکایت پر تحقیقات کرنے سے انکار کردیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم فیئر اسکوائر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انفانٹینو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں بیانات دے کر اولمپک چارٹر میں درج سیاسی غیر جانبداری کے اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔ شکایت کا پس منظر فیفا کے اس متنازع فیصلے سے جڑا ہے جس میں امریکا کے فارورڈ فولارن بالوگن کی ریڈ کارڈ کے بعد ایک میچ کی خودکار پابندی کو 12 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے خود اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اس معاملے پر انفانٹینو سے رابطہ کیا تھا۔ پابندی معطل ہونے کے بعد بالوگن بیلجیئم کے خلاف ناک آؤٹ میچ میں شریک ہوئے تاہم امریکا کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی او سی نے اپنے بیان میں کہا کہ فیفا کی اندرونی گورننس، حکومتی تعلقات اور کھیل کے قوانین پر عمل درآمد سے متعلق معاملات اس کے ضابطہ اخلاق کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے اس لیے شکایت پر کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ دوسری جانب ناروے فٹبال فیڈریشن نے بھی اس معاملے پر فیفا کی ایتھکس کمیٹی سے رجوع کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
نسیم شاہ ایک بار پھر سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کا حصہ بن گئے
2026-07-25
پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ ایک بار پھر سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کا حصہ بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق نسیم شاہ کو 2026 کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے لیے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے اپنی اوورسیز اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ 23 سالہ نسیم شاہ تیسری مرتبہ پیٹریاٹس کی نمائندگی کریں گے۔ اس سے قبل وہ 2021 اور 2025 کے سیزن میں بھی اس فرنچائز کا حصہ رہ چکے ہیں۔ پاکستان کے لیے 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے نسیم نے پیٹریاٹس کی جانب سے 11 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں جہاں ان کی اوسط 28 جبکہ اکانومی ریٹ 8.04 رہا۔ پیٹریاٹس نے سری لنکا کے داسن شناکا اور ونندو ہسارنگا، افغانستان کے وقار سلام خیل اور آسٹریلیا کے نکھل چودھری کو بھی اوورسیز کھلاڑیوں کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ گزشتہ سیزن میں آخری پوزیشن پر رہنے والی پیٹریاٹس ٹیم اپنی نئی مہم کا آغاز 8 اگست کو دفاعی چیمپئن ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے خلاف آرنوس ویل اسٹیڈیم میں کرے گی۔ ٹورنامنٹ 7 اگست سے 20 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
