ہانیہ کی شادی کی تقریبات

2026-02-14
پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی وائرل ہونے والی ویڈیو کی اصل کہانی بتا دی۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں اداکارہ ہانیہ عامر کو گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ ڈانس کرتے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اداکارہ نے پیلے رنگ کا جوڑا پہنا ہوا ہے جبکہ ہاتھوں میں پھولوں کے گجرے اور سر پر دوپٹہ پہن کر دلہن کی طرح تیار ہیں۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد خبریں گردش کرنے لگیں کہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی شادی کی تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔ تاہم اس سے پہلے یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ شادی کی خبریں صرف اس ویڈیو سے نہیں بلکہ ایک نجومی کی ہانیہ عامر کی شادی سے تعلق پیشگوئی کے بعد سامنے آئیں جس میں نجومی کی جانب سے اداکارہ کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ اس سال شادی نہ کریں جو ان کیلئے خوش قسمت ثابت نہیں ہوگی۔ سوشل میڈیا پر بے تہاشہ شادی کی خبروں کے بعد اداکارہ نے اپنی سالگرہ کو ہی مہندی کی تھیم پر منانے کا فیصلہ کیا اور سالگرہ میں وہ مہندی کی دلہن بن گئی۔
پاکستان کے نامور مزاحیہ اداکار
2026-06-03
پاکستان کے نامور مزاحیہ اداکار ننھا کو مداحوں سے بچھڑے آج 40 برس بیت گئے تاہم وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ساہیوال میں 1942 میں آنکھ کھولنے والے رفیع خاور جنہیں دنیا “ننھا” کے نام سے جانتی ہے، پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن کے وہ درخشاں ستارے تھے جنہوں نے تقریباً دو دہائیوں تک اپنے فن کے جادو سے ناظرین کو محظوظ کیا۔ ان کی معصوم شخصیت ، منفرد اندازِ گفتگو اور بے ساختہ مزاح نے انہیں اپنے دور کے دیگر فنکاروں سے الگ شناخت دی۔ یہی انفرادیت انہیں بچوں سے لے کر بزرگوں تک ہر طبقے میں بے حد مقبول بناتی رہی۔ ننھا اپنی منفرد اداکاری، برجستہ مکالموں اور شاندار مزاحیہ کرداروں کے باعث شہرت کی بلندیوں تک پہنچے۔ انہوں نے اسٹیج، ریڈیو، ٹیلی ویژن اور فلم کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ننھا نے متعدد یادگار ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، تاہم ان کی شہرت کا سب سے بڑا سبب مشہور مزاحیہ سیریز الف نون رہی، جس میں انہوں نے “ننھا” کا کردار ادا کیا اور یہی نام ان کی پہچان بن گیا۔ ننھا نے اپنے فلمی کیریئر میں متعدد سپر ہٹ فلموں کے ذریعے شائقین کے دل جیتے۔ ’’سوہرا تے جوائی‘‘، ’’سالا صاحب‘‘، ’’نوکر تے مالک‘‘، ’’نمک حلال‘‘، ’’تیری میری اک مرضی‘‘ اور ’’مہندی‘‘ ان کی یادگار فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔ ان میں ’’سالا صاحب‘‘ کو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی، جس نے لاہور کے سینما گھروں میں مسلسل 300 ہفتوں تک نمائش کا تاریخی اعزاز اپنے نام کیا۔ یہ ریکارڈ آج بھی پاکستانی فلمی صنعت کی تاریخ میں ایک نمایاں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اس عظیم فنکار کا انتقال 2 جون 1986 کو ہوا۔ ان کے انتقال کے باوجود ان کی فنکارانہ خدمات اور لازوال کردار آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ننھا کو دنیا سے رخصت ہوئے چار دہائیاں بیت چکی ہیں، تاہم ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کی گونج آج بھی محسوس کی جا سکتی ہے۔ ان کے ادا کیے گئے کردار اور مزاحیہ انداز ناظرین کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں، جبکہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا۔ فن و ثقافت سے وابستہ شخصیات اور مداحوں نے ننھا کی 40ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
میری ماں نے میری شادی
2026-06-03
معروف میزبان ندا یاسر نے اپنی 20 سالہ کامیاب ازدواجی زندگی کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ کی دانشمندانہ سوچ نے ان کی شادی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنے شو میں گفتگو کرتے ہوئے ندا یاسر نے کہا کہ شادی کے ابتدائی برسوں میں کافی جذباتی اور جلد ردِعمل دینے والی تھی، جب بھی یاسر یا سسرال سے متعلق کوئی مسئلہ پیش آتا، میں فوراً اپنی والدہ کے پاس جا کر رونا دھونا شروع کر دیتی تھی۔ ندا یاسر نے بتایا کہ میری والدہ بہت سمجھدار تھیں، وہ میری باتیں خاموشی سے سن لیتی تھیں لیکن کبھی میرے آنسوؤں یا شکایتوں کو بنیاد بنا کر میرے شوہر کے خلاف رائے قائم نہیں کرتیں، وہ جانتی تھیں کہ غصے میں انسان بہت کچھ کہہ دیتا ہے لیکن چند دن بعد میاں بیوی کے درمیان صلح بھی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے بیٹی تو اپنے شوہر سے دوبارہ نارمل ہو جاتی ہے لیکن اگر والدین دانشمندی کا مظاہرہ نہ کریں تو ان کے دل میں داماد کے لیے منفی جذبات باقی رہ سکتے ہیں۔ ندا یاسر نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی دل دکھے یا غصہ آئے تو فوری طور پر خاندان کے افراد کو شامل کرنے کے بجائے کسی سمجھدار اور قابلِ اعتماد دوست سے بات کر لینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی انسان کو صرف دل کا بوجھ ہلکا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، کسی اچھے دوست کے سامنے دل کی بات کر لینے سے ذہنی سکون ملتا ہے اور کئی مسائل خود بخود حل ہو جاتے ہیں۔
اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر
2026-06-03
پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ پاکستان کے مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی مومنہ اقبال حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں، لاہور میں ان کی دعائے خیر ، مہندی ، مایوں اور نکاح کی تقریبات منعقد ہو چکی ہیں جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مومنہ اقبال کے دلہا حمزہ حبیب کا تعلق لاہور سے ہے، وہ کامیاب اور مالی طور پر مستحکم کاروباری شخصیت ہیں تاہم وہ ہمیشہ میڈیا کی نظروں سے دور رہے۔ حالیہ دنوں میں مومنہ اقبال کو (ن ) لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی جانب سے مبینہ ہراسانی اور دھمکیوں کے معاملے پر حمزہ حبیب اپنی اہلیہ کی حمایت میں سامنے آنے کے بعد خبروں کا مرکز بن گئے۔ حمزہ حبیب کے مطابق ان کی اور مومنہ اقبال کی منگنی خاندانوں کی باہمی رضامندی سے ہوئی جب کہ دونوں خاندانوں کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات بھی ہیں، جوڑے نے مئی 2026 کے آخر میں ایک نجی تقریب میں نکاح کیا تھا۔ اس سے قبل اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی سوشل میڈیا اسٹوری کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے انہیں اور ان کی فیملی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جس پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اپنی تحقیقات کررہی ہے۔
بالی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن
2026-06-03
بالی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کی والدہ کے تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور گھڑیاں چوری کرلی گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے جوہو میں اداکارہ کی والدہ کے گھر پر چوری کی واردات ہوئی جس کا علم اس وقت ہوا جب گھر والوں نے دیکھا کہ لاکر سے قیمتی سامان غائب ہے۔ پولیس نے روینہ ٹنڈن کی والدہ کے گھر 25 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور گھڑیاں چوری ہونے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ تحقیقات پر ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے جو اداکارہ کے خاندان سے ہی تعلق رکھتی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کی شناخت 47 سالہ راشی چھابریا کے نام سے ہوئی ہے جو 2020 سے اداکارہ کے گھر آ رہی تھی، خاتون نے اداکارہ کی والدہ کی مدد اور دیکھ بھال سے خاندان کا اعتماد حاصل کیا تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمہ کے قبضے سے چند قیمتی گھڑیاں برآمد کرلی گئی ہیں تاہم مزید زیوارت کی ریکوری کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پنکی ڈرگ والی پر ڈرامہ بنانے
2026-06-03
وزیراطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہےکہ پنکی ڈرگ والی پر ڈرامہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، اس موضوع پر فلم بننی چاہیے تھی۔ لاہور میں معروف ہدایت کارہ سنگیتا کی نئی فلم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمٰی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز سنیما انڈسٹری کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں، نوجوان نسل کو ٹچ اسکرین سے نکال کر سنیما کی طرف لائیں گے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہم اچھے ڈرامے بنالیتےہیں تو اچھی فلم کیوں نہیں بناسکتے، اچھے ڈراموں کے ساتھ اچھی فلمیں بھی بنانا ہوں گی، نوجوان ہدایت کار فلمی دنیا میں نئی سوچ لے کر آئیں، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے فلمی دنیا کو نئی سمت دی ہے، فلم کسی مخصوص طبقے کے لیے نہیں ہونی چاہیے، اچھے موضوعات پر معیاری فلمیں بناناہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنکی ڈرگ والی پر ڈرامہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، اس موضوع پر فلم بننی چاہیے تھی، فلموں کے ذریعے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا جاسکتا ہے، فلم سٹی منصوبے میں تمام جدید سہولیات فراہم کریں گے، جو نوجوان فلم اور ڈرامہ پڑھ کر آرہے ہیں انہیں بھی موقع ملےگا۔
بھارتی اداکارہ جیکولین فرنانڈس
2026-06-02
نئی دہلی: بھارتی اداکارہ جیکولین فرنانڈس ایک بڑے قانونی تنازع میں پھنس گئی ہیں۔ جہاں عدالت نے 200 کروڑ روپے کے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں ان سمیت 17 افراد پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ نئی دہلی کی عدالت نے قرار دیا ہے کہ کیس میں ٹرائل شروع کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں، جس کے بعد تمام ملزمان کو 3 جون کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کیس میں مرکزی ملزم سکیش چندرشیکھر، اس کی اہلیہ لینا ماریا پال، پنکی ایرانی، دیپک رمنانی سمیت دیگر افراد بھی شامل ہیں۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے مطابق مرکزی ملزم نے جعلسازی اور بھتہ خوری کے ذریعے تقریباً 200 کروڑ روپے حاصل کیے، جن سے لگژری گاڑیاں، جائیدادیں اور قیمتی تحائف خریدے گئے۔ ای ڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ اداکارہ جیکولین فرنانڈس کو اس رقم کے مبینہ غیر قانونی ہونے کا علم تھا اور وہ مرکزی ملزم سے رابطے میں بھی تھیں، تاہم اداکارہ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس فراڈ سے لاعلم تھیں۔ ادارے کے مطابق تفتیش کے دوران موبائل فون ریکارڈز، واٹس ایپ چیٹس اور دیگر شواہد عدالت میں پیش کیے گئے ہیں۔ عدالتی کارروائی کے بعد کیس کو بالی ووڈ کی معروف شخصیات کے لیے ایک اہم قانونی اور میڈیا توجہ کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ کون سا سنورا ہوا کراچی ہے
2026-06-02
معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے حالیہ دعووں پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے میئر کراچی کے اس بیان پر طنز کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمے کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سر جاتا ہے۔ مشی خان نے طنزیہ انداز میں کہا، “مرتضیٰ وہاب صاحب کتنے ‘کیوٹلی’ بتا رہے ہیں اور خود ہی اپنے سر کامیابی کا سہرا سجا رہے ہیں، آخر یہ کون سا دولہا ہے جس کا سہرا آپ خود ہی پہنا رہے ہیں؟” یہ ویڈیو اداکارہ نے ایک چلتی گاڑی میں ریکارڈ کی، جہاں سڑک کی بدحالی اور گڑھوں کے باعث ان کی گاڑی شدید ہچکولے کھا رہی تھی۔ مشی خان نے گاڑی کے جھٹکوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی روڈ جیسی اہم سڑک اتنے سالوں بعد بنی اور چند گاڑیاں گزرنے سے ہی جھاگ کی طرح بیٹھ گئی۔ انہوں نے شہر کی حالتِ زار پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے کراچی میں جگہ جگہ گڑھے، کچرے کے ڈھیر اور اسٹریٹ کرائم (سنیچنگ) کی بدترین صورتحال ہے، لاء اینڈ آرڈر نہ ہونے کے برابر ہے تو پھر میئر صاحب کس چیز کا کریڈٹ لے رہے ہیں؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کراچی کو سنجیدگی سے لے اور “اپنے منہ میاں مٹھو” بننے کے بجائے عملی کام کرے، تاکہ عوام کو بھی ان کی تعریف کرنے کا موقع مل سکے۔
بچپن میں اداکار عمران خان
2026-06-02
بالی وڈ اداکارہ بھومی پڈنیکر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بچپن میں اداکار عمران خان کو بہت پسند کرتی تھیں۔ ایک دہائی تک اداکاری سے دور رہنے کے بعد عمران خان نیٹ فلکس کی آنے والی فلم ’ادھورے ہم، ادھورے تم‘ کے ذریعے کم بیک کر رہے ہیں جس میں ان کے مقابل بھومی پڈنیکر جلوہ گر ہوں گی۔ بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں 37 سالہ بھومی پڈنیکر نے عمران خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ ان کی بہت پہلے سے مداح رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچپن میں عمران خان میرے کرش تھے۔ اداکارہ نے عمران خان کے ساتھ اپنی نئی فلم کے بارے میں بتایا کہ آج کل ویسی رومانوی کامیڈی فلمیں کم ہی بنتی ہیں، جب میں نے اس فلم کی کہانی پڑھی تو مجھے فوراً پسند آگئی، یہ ایک نفیس اور نہایت دلکش محبت کی کہانی ہے۔ اداکارہ بھومی اس سے قبل بھی کئی بار عمران کی اداکاری کی تعریف کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن اداکاروں کو وہ نوجوانی میں پسند کرتی تھیں، آج ان کے ساتھ اسکرین شیئر کرنا ایک خوشگوار اور یادگار تجربہ ہے۔
معروف بھارتی گلوکارہ چل بسیں
2026-06-02
معروف بھارتی گلوکارہ سمن کلیان پور 89 سال کی عمر میں چل بسیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آنجہانی گلوکارہ اتوار کی شام ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر عمر رسیدگی سے متعلق عارضوں کے باعث دم توڑ گئیں۔ سمن کلیان پور 1960 اور 1970 کی دہائی میں اپنی سریلی آواز کے باعث بے حد مقبول ہوئیں۔ ان کے مشہور گیتوں میں ’نہ نہ کرتے پیار تم ہی سے کر بیٹھے‘، ’تم نے پکارا اور ہم چلے آئے‘ اور ’آج کل تیرے میرے پیار کے چرچے‘ شامل ہیں۔ انہوں نے ہندی، مراٹھی، آسامی، کنڑ، بنگالی اور اوڑیا سمیت کئی زبانوں میں گیت گائے جب کہ بھجن، غزل اور ٹھمری بھی پیش کیں۔ سمن کلیان پور کی قریبی دوست اور سوانح نگار منگلا کے مطابق دنیا سے رخصت ہونے سے قبل وہ گزشتہ چند روز سے اپنے ہی گیت سن رہی تھیں۔
جہاں رہتی ہوں وہاں جانور
2026-06-02
پاکستانی اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے رواں برس آن لائن قربانی کے انوکھے تجربے کو ’اسٹائلش قربانی ‘ قرار دے دیا۔ میزبان نادیہ خان حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جس دوران انہوں نے بتایا کہ ’ اس بار عید پر مجھے پیکٹس ملے لیکن وہ پنکی والے پیکٹس نہیں تھے بلکہ بکرے کے گوشت کے پیکٹس تھے‘۔ نادیہ خان نے کہا کہ ’جس رہائشی سوسائٹی میں میں رہتی ہوں وہاں جانور ذبح کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی، اس سے پہلے جس سوسائٹی میں رہتی تھی وہاں قربانی کے لیے خصوصی خیمے لگائے جاتے تھے تاہم یہاں یہ اجازت نہیں ہے لہٰذا ہمیں آن لائن قربانی کرنی پڑی‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے فون آیا کہ ہم کھال اور سری نہیں بھیج سکیں گے لیکن قربانی کا گوشت صاف ستھرے پیکٹس میں آپ تک پہنچا دیا جائے گا جس کے بعد مجھے تقریباً 15 کلو گوشت پیک شدہ صورت میں موصول ہوا‘۔ نادیہ کا کہنا تھا کہ ’اس سال میری قربانی واقعی بہت اسٹائلش رہی کیونکہ مجھے صرف پیکٹس وصول کرنے تھے‘۔
